تازہ ترین

سیاسی و انتظامی امور پر تبادلہ خیال

اعلیٰ افسران اور سیاسی شخصیات کی گورنر سے ملاقات

11 ستمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

 سرینگر //فائنانشل کمشنر مکانات و شہری ترقی کے بی اگروال نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔فائنانشل کمشنر نے گورنر کو محکمہ کے کام کاج اور ریاست کے شہروں اور قصبوں میں سہولیات کو فروغ دینے سمیت مختلف مرکزی سکیموں کی عمل آوری کے بارے میں جانکاری دی۔ انہوں نے گورنر کو سرینگر اور جموں کے ماسٹر پلانز کے اہم نکات اور کٹرہ شہر میں منصوبہ بند ترقی کے لئے مختلف اقدامات کے علاوہ ریاست کی مختلف جھیلوں خاص طور سے جھیل ڈل اور دیگر آبی پناہ گاہوں کے تحفظ کے سلسلے میں جاری اقدامات کے بارے میں بھی بریف کیا۔گورنر نے کمشنر موصوف کو شہروں میں گنجانیت پر قابو پانے، غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے اور بلڈنگ قوانین کی موثر عمل آوری سمیت جھیل ڈل کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے لئے موثر اقدامات کرنے کی صلاح دی۔اس دوران شیر کشمیر زرعی یونیورسٹی جموں کے وائس چانسلر ڈاکٹر پردیپ کمار شرما نے آج یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔انہوں نے یونیورسٹی کی تعلیمی سرگرمیوں، بنیادی ڈھانچے کے فروغ، عملے کی ری آرگنائزیشن اور سائنٹیفک عملے کی خالی اسامیوں کو پُر کرنے جیسے امور کے بارے میں گورنر کو جانکاری دی۔گورنر نے وائس چانسلر کو یونیورسٹی میں تحقیقی اور توسیعی سرگرمیوں کو فروغ دینے ، اہم زرعی اور باغبانی پیداوار میں اضافے کے لئے رہنمائی کرنے، کرشی وگیان کیندروں کی موثر عمل آوری اور کسانوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تبادلہ خیال کر کے انہیں جدید ٹیکنالوجی اختیار کرنے کی طرف راغب کرنے کی صلاح دی۔ادھربی جے پی کی ریاستی ترجمان اور اقلیتی امور کی مرکزی وزارت کی وقف ڈیولپمنٹ کمیٹی کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے آج یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔انہوں نے عوامی بہبود، خواتین کی با اختیاری اور سماج کے کمزور طبقوں کی بہبود سے متعلق امور پر گورنر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے سٹیٹ وقف بورڈ کے کام کاج اور زیارت گاہوں کی حالت سے متعلق گورنر کو میمورنڈم پیش کرنے کے علاوہ بورڈ کے کام کاج کو مزید بہتر بنانے کے لئے تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے گورنر سے ریاست میں ہندو شرائین بورڈ کی تشکیل کی بھی مانگ کی۔گورنر نے ڈاکٹر اندرابی کو یقین دلایا کہ جائیز مطالبات پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے عوامی بہبود اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے انہیں اپنی کوششیں جاری رکھنے کی تلقین کی۔اس دوران جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر نرمل سنگھ نے  یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی ۔ ڈاکٹر سنگھ نے گورنر کو عوامی اہمیت کے حامل کئی معاملات کے بارے میں جانکاری دی ۔ جن میں جموں میں بین الاقوامی ائیر پورٹ تعمیر کرنے کیلئے اراضی کی نشاندہی کے عمل میں سرعت لانا ، کئی اہم سڑکوں کو میکڈمائیز کرنے کیلئے رقومات کی واگذاری ، کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کی عمل آوری کی وجہ سے متاثرین کی بازآباد کاری اور ایم جی نریگا سکیم سے متعلق کئی معاملات شامل ہیں ۔ انہوں نے گورنر کو اسمبلی سیکرٹریٹ میں کام کاج میں بہتری لانے کے سلسلے میں ای اسمبلی پروجیکٹ کے آغاز پر پیش رفت اور ایم ایل اے ہوسٹل کی اپ گریڈیشن کے بارے میں بھی گورنر موصوف کو بریف کیا ۔ گورنر نے ڈاکٹر سنگھ کو ریاست کے ترقیاتی منظر نامے میں اُن کی کاوشوں کو جاری رکھنے اور عوامی بہبودی کو ترجیحات میں شامل کرنے کی صلاح دی ۔ دریں اثناء سابق وزیر تصدق حسین مفتی نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی ، مفتی نے ریاست میں کئی سیاحتی مقامات پر دستیاب سہولیات میں بہتری لانے اور عوامی مفاد سے متعلق کئی معاملات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے شہرہ آفاق جھیل ڈل اور وُلر کے تحفظ کیلئے بھی گورنر سے بات چیت کی ۔گورنر نے سابق وزیر کو ریاست کے سیاحتی مقامات کو پُر کشش بنانے اور سیاحوں کو راغب کرنے کے سلسلے میں اٹھائے جا رہے اقدامات میں تعاون فراہم کرنے کیلئے کہا ۔