تازہ ترین

محرم تقریبات پر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں: عمر عبداللہ

ساگر نے شہر خاص کے شیعہ آبادی والے علاقوں کا دورہ کیا

11 ستمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

سرینگر//نیشنل کانفرنس نائب صدر عمر عبداللہ نے محرم الحرام کی مقدس تقریبات کے پیش نظر ریاست میں خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے گورنر انتظامیہ سے تاکید کی ہے کہ وہ عوام کو بنیادی سہولیات وافر مقدار میں میسر رکھنے کے ساتھ ساتھ شیعہ اکثریتی علاقوں میں خاص طور سے سڑکوں اور گلی کوچوں کی صفائی کے کام کو یقینی بنایا جائے۔ اِسی طرح بغیر خلل بجلی سپلائی کو بھی یقینی بنایا جانا چاہیے ۔انہوں نے عزاداران کے جلوسوں کے دوران ہر اہم مقام پر طبی کیمپ قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عزادارن کے جلوسوں کے ہمراہ خصوصی فرسٹ ایڈ سہولیات بھی میسر رکھی جانی چاہیں۔ اِسی طرح صحت وصفائی کے منظم اور موثر انتظامات کے ساتھ ساتھ جگہ جگہ پینے کے پانی کے عارضی نل پونیٹ قایم کئے جانے چاہیں۔ عمر عبداللہ نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ عزاداران کو اپنے اپنے علاقوں میں تعزیہ جلوس نکالنے کی بھر پور سہولیات فراہم کی جائیں اور یوم عاشورہ کی اختتامی تقریبات منعقد ہوجانے تک ہر ایسی سہولیت کو بر قرار رکھا جانا چاہیے۔پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے شہر خاص میں شیعہ آبادی والے علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں محرم الحرام کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اُن کے ہمراہ کئی محکموں کے اعلیٰ افسران بھی تھے۔ دورے کے دوران انہوں نے لوگوں کے ساتھ براہ راست بات کی اور اُن کے مسائل، مشکلات اور مطالبات سنے۔ انہوں نے موقعے پر ہی متعلقہ افسران کو لوگوں کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ان علاقوں میں بلاخلل بجلی اور پانی سپلائی کے علاوہ دیگر ضروریات زندگی میسر رکھنے کی بھی ہدایت دی۔ علی محمد ساگر، سینئر لیڈر ان محمد اکبر لون، محمد شفیع اوڑی،ایم ایل سی علی محمد ڈار، الطاف احمد کلو، سینئر نائب صدر صوبہ محمد سعید آخون، سابق ایم ایل اے بٹہ مالو عرفان احمد شاہ، ایم ایل اے حبہ کدل شمیمہ فردوس، غلام محی الدین میر، ضلع صدر بارہمولہ جاوید احمد ڈار، ضلع صدر سرینگر پیر آفاق احمد نے بھی انتظامیہ سے متعلقہ علاقوں میں محرم الحرام کی تقریبات کے سلسلے میں انتظامات میسر رکھنے کی اپیل کی ہے۔