تازہ ترین

مائیگرینٹوں کو جموں میں ہی ووٹ دینے کی اجازت دی جائے:کشمیری پنڈت

11 ستمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

یو این آئی
جموں// وادی کشمیر سے 1990کے نامساعد حالات کے دوران نقل مکانی کر کے صوبہ جموں کے متعدد قصبہ جات میں رہائش پذیر کشمیری پنڈتوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں بلدیاتی چناو¿ کے دوران اسی جگہ ووٹ ڈالنے کی اجازت دی جائے جہاں وہ اس وقت 1990کے بعد سے رہائش پذیر ہیں۔خیال رہے کہ کشمیری مائیگرینٹ پنڈت پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات میں ’پوسٹل بیلٹ‘کے ذریعہ ووٹ ڈالتے ہیں اور ان کے ووٹوں کا شمار، کشمیر کے انہیں اسمبلی حلقوں سے کیاجاتاہے، جہاں وہ 1990سے پہلے رہتے تھے۔کشمیری پنڈت برادری نے الزام عائد کیا ہے کہ جموں وکشمیر چیف الیکٹورل افسر نے ان کے ایک لاکھ رائے دہندگان کو ریاست کی مجوزہ میونسپل انتخابی فہرست سے نکال دیاہے۔کشمیری پنڈت سبھا کے صدر کے کے کھوسہ نے اس پر برہمگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مائیگرینٹ رائے دہندگان میں میونسپل چناو¿ فہرست سے باہر کئے جانے پر کافی ناراضگی پائی جاتی ہے، کشمیری پنڈتوں کی اکثریت جموں میونسپل کارپوریشن کے ماتحت آنے والے علاقوں میں رہائش پذیر ہے لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر انہیں حق رئے دہی سے محروم کر دیاگیاہے۔ان کے مطابق ملک میں شاہد کشمیری مائیگرینٹ پنڈت واحد ایسا طبقہ ہے جوکہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں اپنے نمائندگان کو کشمیر کے اندر متعلقہ حلقوں کے اندر ووٹ ڈالتے ہیں لیکن ان کا منتخب اراکین اسمبلی اور ممبران پارلیمان سے راست کوئی رابطہ نہیں ہوتا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اربن لوکل باڈیز الیکشن میں بھی الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے مائیگرینٹوں کے لئے لوک سبھا الیکشن کی طرز پر پوسٹل بیلٹ یا خصوصی پولنگ اسٹیشنوں کو متعارف کیا جانا متوقع ہے جس کے پنڈت برادری خلاف ہے۔پنن کشمیر تنظیم کے چیئرمین اجے چرنگو کا کہنا ہے کہ لگتا ہے کہ مرکزی سرکار جموں وکشمیر کے اندر مائیگرینٹ پنڈتوں کو زندگی کے ہر شعبہ سے خارج کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی بھی کشمیری پنڈتوں کو موجودہ رہائشی مقامات کی جگہ ووٹ ڈالنے کے حق میں ہے۔ طبقہ سے وابستہ بھاجپا ایم ایل سی گردھاری لال رینہ کا کہنا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں کشمیری مائیگرینٹ پنڈت طبقہ کے لوگ جموں میونسپل حدود میں رہتے ہیں تو پھر وہ کیوں کر کشمیر کے اندر آبائی میونسپل حدود میں ووٹ ڈالیں، ایسا کرنا جمہوری روح کے منافی ہے۔یو این آئی