تازہ ترین

اپوزیشن کا بند ناکام :بی جے پی

11 ستمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

 نئی دہلی //بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی )نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف کانگریس اور کچھ دیگر اپوزیشن پارٹیوں کی طرف سے دئے گئے بند کے نعرہ کو ناکام قرار دیتے ہوئے پیر کے روز کہاکہ عوام کا ساتھ نہ ملنے سے غصہ اور جھنجلاہٹ میں آکر اپوزیشن تشددپر آمادہ ہے اور ملک میں خوف کا ماحول بنارہی ہے ۔بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیرقانون روی شنکر پرساد نے یہاں پریس کانفرنس میں کہاکہ جمہوریت میں احتجاج کا حق سب کے پاس ہوتاہے لیکن یہ احتجاج تشددسے کیاجارہاہے ۔ملک بھر میں پٹرول پمپ نذر آتش کئے جارہے ہیں ۔بسیں اور کاریں توڑی جارہی ہیں ۔بہار کے جہان آباد میں بند حامیوں کی بھیڑ کے ذریعہ ایمبولنس روکے جانے کی وجہ سے ایک معصوم بچی کی موت ہوگئ ہے ۔انھوں نے پوچھا کہ آخر اس تشدد اور اس بچی کی موت کا کون ذمہ دارہے ۔مسٹر پرساد نے کہاکہ عوام بندکے ساتھ نہیں ہیں ۔اس سے کانگریس اور اپوزیشن کے لوگ غصہ میں پرتشددکارروائیاں کررہے ہیں ۔ملک میں خوف کا ماحول بنایاجارہاہے ۔عوام کی حمایت نہ ملنے پر تشددسے بند کرایاجارہاہے ۔مسٹر روی شنکر نے کہاکہ حکومت اس مسئلہ کا حل نکالنے کی کوشش کررہی ہے ۔عوام کو پتہ ہے کہ اس مسئلہ کے لئے حکومت ذمہ دارنہیں ہے ۔وینروئیلا میں سیاسی عدم استحکام ،ایران پر امریکہ کی پابندی اور امریکہ میں شیل گیس کی پیداوار نہ ہونے کے علاوہ دنیامیں تیل کی پیداوارمیں کمی آنا اور اس سے دستیابی میں کمی بنیادی طورپر اس بحران کی وجہ ہے ۔یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جسکا حل ہمارے پاس نہیں ہے ۔ انھوں نے کہاکہ حکومت نے مہنگائی کو کنٹرول کیاہے ۔2014میں افراط زر 10اعشاریہ 4فیصد تھی جو آج 4اعشاریہ 7فیصدہے ۔حکومت نے انکم ٹیکس سمیت مختلف ٹیکسوں میں رعایت دی ہے اور دیہی سڑکوں ،دیہی الیکٹری فکیشن ،منریگا ،غذائی اشیاپر سبسڈی وغیرہ پر اچھا خاصا خرچ کیاہے ۔