تازہ ترین

فاروق عبداللہ علیحدگی پسندوں کے طریقہ پر گامزن:بھاجپا

10 ستمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

 جموں// پنچایتی وبلدیاتی انتخابات کے علاوہ پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات سے بائیکاٹ کرنے سے متعلق این سی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے بیان کی بی جے پی ریاستی اکائی نے مذمت کی ہے۔پارٹی ترجمان بریگیڈئر انیل گپتا نے کہاکہ سال 2014کے پارلیمانی انتخابات اور اسمبلی انتخابات میں شکست کے صدمہ سے باہر نہ نکل پانے کے بعد فاروق عبداللہ نے کھوئی ہوئی مقبولیت حاصل کرنے کے لئے علیحدگی پسندوں کا طریقہ اپنانا شروع کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ لندن سے واپسی کے بعد فاروق عبداللہ کشمیرکے سیاسی منظر نامہ پر خود کو کنگ میکر کے طور ظاہر کرنے کے لئے ہر طرح کی چالیں چل رہے ہیں۔ انہوں نے نہ صرف مرکزی سرکار کو بلیک میل کرنا شروع کیا ہے بلکہ وہ فرقہ وارانہ اورعلیحدگی پسند کارڈ کھیلنے سے بھی نہیں ہچکچائے۔بی جے پی ترجمان نے کہاکہ فاروق عبداللہ نے اپنے والدکی برسی پر دیئے گئے بیان میں کھلے طور حریت اور علیحدگی پسند لیڈران کے تئیں لچکدار رویہ ظاہر کیاہے۔یو این آئی