تازہ ترین

امن وترقی اوربشیر حقوق سے جڑے مسائل زیر بحث

ایم ایل اے کولگام اور ریاستی حقوق کمیشن چیئرمین کی گورنر سے ملاقات

9 ستمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

 ؎سرینگر//ایم ایل اے کلگام ایم وائی تاریگامی نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی انہوں نے گورنر کا عہدہ سنبھالنے پر ستیہ پال ملک کو مبارکباد دی ۔ تاریگامی نے گورنر کے ساتھ ریاست میں امن اور معمول کے حالات بحال کرنے سے جُڑے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ ایم ایل اے نے اس دوران ضلع کلگام کی متوازن ترقی کو یقینی بنانے کے معاملات کو بھی اجاگر کیا ۔ گورنر نے تاریگامی پر زور دیا کہ وہ عوامی بہبود کو فروغ دینے کیلئے کوششیں جاری رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مختلف کھیلوں کی سہولیات بہم پہنچائی جانی چاہئیں تا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کر سکیں ۔ادھر جموں کشمیر سٹیٹ ہیومن رائیٹس کمیشن کے چئیر مین جسٹس ( ریٹائیرڈ ) بلال نازکی نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں کمیشن کے کام کاج کے بارے میں جانکاری دی ۔ گورنر اور جسٹس نازکی نے خواتین اور سماج کے کمزور طبقوں کے حقوق کے علاوہ مختلف جیلوں میں قیدیوں کو دی جا رہی سہولیات سے جُڑے امور کو زیر بحث لایا ۔ گورنر نے شہریوں کے آئینی اور بنیادی حقوق کے تحفظ اور قوانین کے مطابق حکمرانی کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا ۔ گورنر نے کہا کہ ریاستی انسانی حقوق کمیشن کو کئی اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں ۔ انہوں نے جسٹس نازکی پر زور دیا کہ وہ عام شہریوں کو کمیشن کے مقاصد کے بارے میں روشناس کرائیں تا کہ کمیشن موثر ڈھنگ سے اپنا کام کاج نبھا سکے ۔ اس دوران چیف ویجی لینس کمشنر جے اینڈ کے پی ایل گپتا اور ویجی لینس کمشنر غضنفر حسین نے  یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی ۔ سی وی سی نے گورنر کو ریاستی ویجی لینس کمیشن کے کام کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے گورنر کو انتظامی نظام میں جوابدہی کو بڑھاوا دینے کی غرض سے کمیشن کی کوششوں سے بھی روشناس کرایا ۔ گورنر نے چیف ویجی لینس کمشنر کو صلاح دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ راشی عناصر کے خلاف موثر کاروائی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی اداروں کے کام کاج میں شفایت لانے کے عمل میں تیزی لائی جانی چاہئیے ۔