تازہ ترین

منریگامزدوروں کامحکمہ دیہی ترقی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

انتظامیہ پرسکیم عملانے میں ناکام رہنے کاالزام، اُجرتیں واگذارکرنے کامطالبہ

9 ستمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

حافظ قریشی
بنی//مہاتما گاندھی دیہی روزگار گارنٹی یوجنا کے تحت عملائے گئے ترقیاتی پروگراموں کے دوران کام پرلگائے گئے ہزاروں مزدوروں کی مزدوری نہ ملنے پر ضلع کٹھوعہ کے علاقہ بنی میں مظاہرین نے زبردست احتجاج کیا اورذمہ داران افسران کے خلاف نعرے بلند کئے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے ضلع کٹھوعہ میںمنیریگا سکیم کے تحت کئی ترقیاتی کاموں کو عملی جامع پہنانے کی غرض سے کئی بے روزگار غریب اورپسماندہ طبقہ سے وابستہ بے رو زگار نوجوانوں کو کام پرلگایا گیا تھا لیکن گزشتہ چارسالوں سے ان کی مزدوری کی ادا ئیگی نہ ہونے پرسینکڑوں کی تعداد میں مزدوروں نے اپنے غم اورغصہ کااظہار  کرتے ہوئے محکمہ دیہی ترقی کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین کے مطابق محکمہ دیہی ترقیات نے گزشتہ چارسالوں سے مزدورطبقہ سے وابستہ لوگوں کو منیریگا سکیم کے تحت دھوکہ دے رہا ہے اور مزدور مسلسل دیرینہ عرصہ سے اپنی مزدوری کیلئے متعلقہ محکمہ جات کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن افسوس کامقام ہے کہ متعلقہ افسران کوئی نہ کوئی بہانہ بتاکرانہیں مزدوری کی رقومات واگذار نہیں کررہے ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایاہے کہ محکمہ دیہی ترقیات کی جانب سے تنگ اورلاچار مزدوروں نے بی ڈی او دفتر کو تالا بند کرکے دھرنا دیا اورجم کر محکمہ کے خلاف نعرے بازی کی۔بعدازاں ایس ڈی ایم بنی اجیت سنگھ‘ تحصیلدار بنی سودیش کمار ‘ نائب تحصیلدار بنی رمیش کمار اورتھانہ ایس ایچ او موہن لال  نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات کو جلداجلداز پورا کیاجائے گا تاہم مظاہرین نے ڈیڈ لائن دے کر دوبارہ احتجاج کرنے کی دھمکی دی۔