تازہ ترین

ریاست کاخصوصی درجہ شیخ محمدعبداللہ کی ہی دین:نیشنل کانفرنس

پارٹی لیڈران نے مرحوم کے اصولوں کی آبیاری کواصل خراج قراردیا

9 ستمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

جموں//نیشنل کانفرنس کے بانی و سابق وزیر اعلیٰ مرحوم شیخ محمد عبداللہ کی 36ویں برسی پراین سی پارٹی دفتر شیرکشمیربھون جموں میں خراج عقیدت کااہتمام کیاگیاجس میں پارٹی کے سینئرلیڈران نے مرحوم رہنماکوشاندارالفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔اس دوران مقررین نے کہاکہ  مرحوم شیخ محمدعبداللہ بلالحاظ مذہب وملت پسماندہ ،غرباء، دلت اور دبے کچلے سماج کے مسیحاتھے۔ ان کی لڑائی زندگی بھررجعت پسند اورفرقہ پرست طاقتوں سے رہی۔وہ مساوات اورمذہبی رواداری کے حامی تھے اورتاریخ گواہ ہے کہ وہ کبھی دوقوموں کی تھیوری کے آگے نہیں جھکے۔ 1947 کے خونی اورہولناک پرآشوب دورمیں چٹان کی طرح ڈٹے اوراپنے کارکنان کی جانی قربانیاں دیکربھی اقلیتوں کاکشمیرکے اندرمکمل تحفظ کیا۔راشترپتامہاتماگاندھی جی کوروشنی اورامن کی کرن جلتی ہوئی کشمیرمیں ہی نظرآئی تھی۔حصول اقتدار کے قلیل سے پانچ سال کے دورمیں ان کی سرکارنے وہ انقلابی اقدام اٹھائے جس سے ان کانام رہتی دنیاتک منوررہے گا۔ فیوڈل ازم ،جاگیرداری اورچک داری کاخاتمہ کرکے انہوں نے کاشتکارکومالک زمین بنایا ۔صدیوں پرانے بے گاراورخون چوسنے والے قرضہ نظام کوختم کیا۔ جس کاسیدھافائدہ پسماندہ ،دلت طبقہ کوہواہے ،ریاست کوآئین ہندکے اندراندرونی خودمختاری دلائی۔ مقررین نے کہاکہ شیخ محمدعبداللہ سیکولرازم ، سوشلزم اورجمہوریہ کے بلندپایہ علمبردارتھے اورآزادی کے تھوڑے دنوں کے بعدپنچایتی راج کواورلوک راج کوگائوں تک پہنچایا۔ہرخطے کی یکساں ترقی کیلئے سنگل لائن ایڈمنسٹریشن لاگوکرکے ہمہ گیرترقی کروائی ۔ریاست کی سیاسی،اقتصادی حالت کوبدل ڈالا جس کے نتائج ہمارے سامنے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شیخ عبداللہ کوحقیقی خراج عقیدت ان کے سنہرے اصولوںکی آبیاری کرنا اوران کومشعلِ راہ بناناہے انہوں نے کہاکہ شیخ عبداللہ کی ریاست کیلئے نمایاں خدمات ہیں اور خصوصی تشخص بھی انہی کی دین ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس تشخص کا بہر صورت تحفظ کیاجائے گا ۔انہوں نے کہاکہ پارٹی اپنے اس نعرے پر کاربند رہے گی جوہندو ،مسلم ،سکھ عیسائی بھائی چارے کے نام پر شیخ عبداللہ نے دیاتھا۔اس دوران خطاب کرتے ہوئے سینئر این سی لیڈر سرجیت سنگھ سلاتھیہ نے کہاکہ سماج کی ترقی اورریاست کومخصوص شناخت دلانے کیلئے جورول شیخ محمدعبداللہ نے اداکیاوہ ناقابل فراموش ہے۔اجے کمارسدھوترہ نے کہاکہ سماج میں آپسی بھائی چارے کوفروغ دینے کیلئے مرحوم شیخ عبداللہ کی خدمات ہمیشہ یادرکھی جائیں گی۔اس موقعہ پر نیشنل کانفرنس کے دیگرلیڈران بشمول ریاستی سیکریٹری مشتاق احمدبخاری،سابق ایم ایل سی ٹھاکرکشمیراسنگھ،سابق وزیر بابورام پال ،صوبائی سیکریٹری شیخ بشیراحمد ،سابق ممبرپارلیمنٹ شیخ عبدالرحمن ،سابق ایم ایل سے وجے بقایا،سابق ایم ایل اے ڈاکٹرچمن لال نے خیالات کااظہارکرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔اس دوران گذشتہ روزصبح سویرے شیرکشمیربھون میں جی ایچ ملک،ٹی ایس وزیر ،وارث گل اورچوہدری ہارون کی جانب سے دعائیہ مجالس کابھی اہتمام کیاگیا۔