تازہ ترین

جے کے بنک چیئرمین کی حضرت بابا غلام شاہ بادشاہ ؒدرگاہ پر حاضری

ریاست کے مغربی زون میں2شاخوں اور4اے ٹی ایم کا افتتاح

9 ستمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

سرینگر//جے کے بنک راجوری ضلع کی مجموعی آبادی کو باضابطہ بینکنگ نظام میں شامل کرنے کیلئے ایک جامع مالیاتی شمولیتی پروگرام پر غور کررہا ہے اور اس کیلئے بنک ضلع کے اطراف و اکناف میں الٹرا سمال برانچ(چھوٹی چھوٹی شاخیں) قائم کرے گا۔ان باتوں کا اظہار جے کے بنک چیئرمین و سی ای او پرویز احمد نے ریاست جموں وکشمیر کے مغربی خطے میں دو بزنس یونٹوں اور4اے ٹی ایم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔چیئرمین نے نئے بزنس یونٹ کا افتتاح شاہدرا شریف راجوری میں کیا ۔یہ افتتاح ایڈمنسٹریٹر اوقاف شاہدرا شریف عبدالقیوم ڈار ،بنک کے ایگزیکٹیوپریذیڈنٹ پی کے تکو اور آر کے چبر کے علاوہ معزز شہریوں کی موجودگی میں کیا گیا۔افتتاحی تقریب کے بعد شرکاء سے بات کرتے ہوئے پرویز احمد نے کہاکہ یہاں ہماری موجودگی تجارتی اہداف و مقاصد سے ماورا ہے کیوں کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ریاست کے ہر شہری کو ہر کونے میں ہماری خدمات پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔تاکہ ہم ان کی مالیاتی ضرورتوں کا خیال رکھ سکیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم راجوری ضلع بھر میں اپنی موجودگی کو وسعت دینے کے وعدہ بند ہیں۔بنک یہاں متعدد مالیاتی جانکاری مہم شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ لوگوں کو بینکنگ خدمات و مصنوعات کے بارے میں آگاہی ملے اور وہ ان سے مستفید ہوں۔انہوں نے کہاکہ ہم بہتر زندگی کیلئے مدد کیلئے پیش پیش ہیں۔دن کے آخر میں چیئرمین نے شاہدرا شریف میں ہی الیکٹرانک طریقے سے بس سٹینڈ مینڈھر میں قائم شاخ کا افتتاح کیا جبکہ اس موقعے پے 4اے ٹی ایم مقام ڈگری کالج مینڈھر،بھہرا مینڈھر ،بالاکوٹ مینڈھر اور مرہوٹ سرنکوٹ کا افتتاح کیا گیا۔شاہدرا شریف کے شہریوں نے چیئرمین کا شکریہ ادا کیا کیونہ اب انہیں بینکنگ خدمات کیلئے تھنہ منڈی یا راجوری کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔اس سے قبل اپنے استقبالیہ خطبے میں ایڈمنسٹریٹر اوقاف شاہدرا شریف نے بنک کے اقدامات کا خیر مقدم کیا جو اس نے عقیدتمندوں اور تاجروں کے علاوہ مقامی لوگوں کی سہولیات کیلئے یہاں شاخ قائم کی ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ بنک شاخیں ہماری نقدی اور دیگر مالیاتی ضروریات کو پورا کرے گا، خصوصا زیارت کیلئے آنے والے کثیر تعداد میں عقیدمندوں کو بھی اس سے فائدہ ملے گا۔انہوں نے کہاکہ یہ علاقہ غریب و پسماندہ طبقواں پر مشتمل ہے اور اب بینک کی موجودگی سے یہاں تجارت اور زراعت کو فائدہ مل سکتا ہے۔انہوں نے گذشتہ برس سی ایس آر کے تحت ایمبولنس وقف کئے جانے پر بھی بینک کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ یہ ایمبولنس غریب مریضوں کو ضرورت کے وقت طبی مراکز تک پہنچانے میں اہم رول ادا کررہی ہے۔دریں اثناء درگاہ شریف حضرت بابا غلام شاہ بادشاہ پر حاضری دیتے ہوئے چیئرمین نے اوقاف کی وہاں یونیورسٹی قائم کرنے پر ستائش کی جو کہ ضلع میں معیاری تعلیم کو بڑھاوا دے رہی ہے ۔انہوں نے ضلع میں صحت و طبی سہولیات کو فروغٖ دینے کیلئے اوقاف کو بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔