تازہ ترین

کولہائی گلیشر میںپھنسے6افراد بچالئے گئے

برف میں پھنسے 2نوجوانوں کی میتوںکی تلاش میں خراب موسم حائل

9 ستمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

 سرینگر //کولہائی گلیشر پر ٹریکنگ میں حصہ لینے گئے 9افراد میں سے سنیچر کو 6شہری پہلگام کے آڈو علاقے میں بحفاظت پہنچ گئے جبکہ اس حادثہ میں زخمی ہوئے نوجوان کو بھی فوج کی مدد سے سرینگر پہنچا دیا گیا ہے۔ اس دوران معلوم ہوا ہے کہ حادثہ میں لقمہ اجل بنے نوید گیلانی اور عادل شاہ کی میت تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے تاہم کارروائی میں حصہ لینے والے ریاض احمد لون کا کہنا ہے کہ خراب موسم کی وجہ سے آپریشن میں دقتیں پیش آرہی ہیں ۔سرکاری ذرائع کے مطابق دونوں نوجوانوں کی تلاش کیلئے جواہر انسٹی ٹوٹ آف ماوننٹنگ اور ونٹر سپورٹ اس بچائو کارروائی کا حصہ بنے ہیں جن کے ساتھ ریاستی پولیس اور ایس ڈی آر ایف کا خصوصی عملہ بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس دلدوز حادثہ میں زخمی ہوئے حزک بیگ نامی نوجوان کو ہوائی سروس کے ذریعہ سرینگر لایا گیا ہے جہاں اُس کا علاج ومعالجہ چل رہا ہے ۔ ریاستی گورنر ست پال ملک نے حادثہ پر گہرے دکھ اور صدمے کااظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے زخمی ہوئے نوجوان کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا کی اور انتظامیہ پر زور دیا کہ اُسے ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں ۔معلوم رہے کہ جمعہ کی شام دیر گے کولہائی گلیشر میں ٹریکنگ میں حصہ لینے گئے 9کوہ پیمامیں سے 2ڈھلان میں پھنس کر برفانی خندق میں گر کر لقمہ اجل بن گئے جبکہ اُن کا ایک ساتھی زخمی ہو گیا تھا۔