تازہ ترین

طلبا کی ذہنی نشو و نما کو مثبت سمت دینا استاد کی ذمہ داری

خورشید گنائی کا ایس کے آئی سی سی میں گرینڈ پیرنٹ ڈے تقریب سے خطاب

9 ستمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

سرینگر//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے بچوں کو اقدار پر مبنی تعلیم سے روشناس کرانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اس بات کا محاسبہ کریں کہ بچے اُن کی عزت افزائی کرتے ہیں کہ نہیں ۔ وزیر نے ان باتوں کا اظہار کل ایس کے آئی سی سی سرینگر میں ایک مقامی سکول کی طرف سے منعقد کئے گئے گرینڈ پیرنٹ ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے استاد کے رول کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ والدین کے بعد یہ استاد کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبا کی ذہنی نشو و نما کو ایک مثبت سمت دیں ۔ انہوں نے کہا کہ بچوں میں سائینسی مزاج پیدا کیا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو جدید اور سائینسی تعلیم کے اعلیٰ تقاضوں سے روشناس کرانے کی بھی ضرورت ہے تا کہ آگے چل کر یہ بچے سماج میں ایک کلیدی رول نبھا سکیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے کے بوس کے سیکرٹری فاروق پیر نے کہا کہ بچوں کو معیاری تعلیم دینے سے سماج پر مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں ۔سکول کے پرنسپل نے کہا کہ پچھلے چند برسوں کے دوران یہاں کے سماجی تانے بانے پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔ اس موقعہ پر سکول کے طلاب نے رنگا رنگ پروگرام پیش کئے ۔ آخر پر مشیر نے بہترین کارکردگی دکھانے والے طلاب میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے ۔