تازہ ترین

باہو فورٹ قدیمی جامع مسجدکی تجدید و مرمت کے کام کا آغاز

مدرسہ اور بیت الخلا تعمیر کرنے کامنصوبہ

21 اپریل 2017 (00 : 02 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
 جموں//وزیر مملکت برائے حج و اوقاف سید فاروق احمد اندرابی نے باہو فورٹ قدیمی جامع مسجد کی تجد ید و مرمت کے کام کا سنگ بنیاد رکھا ۔اس قدیم مسجد کی تجدید و مرمت کے کام پر تخمیناً 50لاکھ روپے صرف کئے گئے ۔پروجیکٹ میں مسجد شریف کے احاطے میں ایک مدرسہ اور بیت الخلاء بھی تعمیر کئے جارہے ہیں۔ریاستی اوقاف نے پروجیکٹ کی تکمیل کے لئے 10لاکھ روپے کی امدادی رقم واگذار کی ہے ۔ریاست میں اس وقت ریاستی حکومت کی سرپرستی میں اُردو کے وقار کوٹھیس پہنچی جب مسجدہذاکی افتتاحی پلیٹ پر مسجدکانام باہوفورٹ قدیمی مسجدکے بجائے بہوفورٹ لکھاہواتھا۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ مسجد کمیٹی کی انتظامیہ پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لئے زیادہ سے زیادہ رقم جمع کرنے کیلئے عوام سے عطیات کی اپیل کر ے گی۔وزیر نے کہا کہ وقف املاک اور جائیداد کے تحفظ اور محکمہ کو مزید فعال بنانے کے لئے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔بعد میں وزیر نے اوقاف کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے میٹنگ طلب کی جس میں جموں صوبہ کے منتظمین نے شرکت کی۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر راجا محمد ملک بھی میٹنگ میں موجود تھے۔وزیر نے حکام کو وقف املاک کا زیادہ سے زیادہ اورمنافع بخش استعمال کے لئے متنوع اقدامات اُٹھانے کیلئے کہا ۔ انہوں نے حکام کو وقف جائیداد کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لے تن دہی اور لگن سے کام کرنے کے لئے کہا ۔انہوںنے کہا کہ وقف املاک کو مزید املاک بنانے کے لئے استعمال کیا جائے تاکہ آمدن میں اضافہ یقینی بن سکے۔انہوں نے منتظمین اور تحصیل وقف افسران سے کہا کہ وہ متعلقہ علاقوں میں وقف زمین کی نشاندہی کرکے اس کا بہتر استعمال کریں ۔ اُنہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ ادارے کی مالی صحت میں بھی بہتری آئے گی۔اندرابی نے کہا کہ وقف بورڈ زیارت گاہوں پر بہترین سہولیات فراہم رکھنے کے لئے ایک مؤثر لائحہ عمل پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے وقف حکام کو کہا کہ وقف اراضی کی دستیابی اور عدالت میں مقدمہ جات سے متعلق تمام تر تفاصیل کے ساتھ غیر قانونی طور قبضہ کرنے والوں کی فہرست ہر ماہ اعلیٰ حکام کو بھیجنے کی ہدایت دی تاکہ ان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔