تازہ ترین

علامہ اقبال کا79واں یوم وصال

برصغیر کا ایک عظیم محسن اور مربی:میرواعظ

21 اپریل 2017 (00 : 02 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
 سرینگر// حریت (ع) چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے شاعر مشرق علامہ اقبال کو ان کے79ویں یوم وصال پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے انہیں ملت اسلامیہ خاص طور پر برصغیر کا ایک عظیم محسن اور مربی قرار دیا۔ میرواعظ نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور فلسفے سے خدااعتمادی اور خود اعتمادی کی تعلیم کو عام کرنے کا فریضہ انجام دیا۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نہ صرف ایک عظیم انقلابی نوعیت کے حقیقت پسند شاعر تھے بلکہ علامہ نے مشرق و مغرب کی خاک چھان کر قرآن حکیم اور پیغمبر اسلام کی آفاقی تعلیمات کو جدید اسلوب میں پیش کرکے دنیا کو انسان دوستی ، اخوت و محبت ، رواداری اور بقائے باہم کی تعلیم دی۔ میرواعظ نے کہا کہ برصغیر میں علامہ اقبال واحد شخصیت ہے جنہوں نے سب سے پہلے دو قومی نظریئے کو پیش کیا اور تصور پاکستان کا خاکہ پیش کیا۔ میرواعظ نے کہا کہ علامہ اقبال جو خود کشمیری النسل تھے ،ہمیشہ کشمیری عوام کی زبوں حالی اور اس قوم کو زنجیروں سے آزادی کے بڑے علمبردار تھے۔انجمن حمایت الاسلام کے صدرمولانا خورشید احمد قانونگو نے ڈاکٹر سرمحمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ علامہ اقبال انجمن حمایت الاسلام لاہور کے بانی رکن تھے اوراسی پلیٹ فارم پر انہوںنے عالم اسلام کے مسلمانوںکو اسلامی تشخص کی نظریہ اور اہل کشمیر کو حق خودارادیت و آزادی پیدائشی حق کا خاکہ پیش کیا۔