تازہ ترین

ذوالفقار کا ایل ایم ڈی تعمیراتی کاموں میں سرعت لانے پر زور

21 اپریل 2017 (00 : 02 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
 جموں //خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے متعلقہ ایجنسیوں پر زور دیا ہے کہ وہ ریاست بھر میں جاری لیگل میٹرالوجی محکمہ کے تعمیراتی کاموں میں سرعت لائیں۔ایک میٹنگ میں بولتے ہوئے وزیر نے کہا کہ لیگل میٹرالوجی محکمہ حکومت کے نظام میں معقولیت لانے میں اہم رول ادا کرتا ہے۔ایل ایم ڈی کے تعمیراتی کاموں کی عمل آوری ایجنسی جموں وکشمیر ہاؤسنگ بورڈ نے وزیر یقین دلایا کہ تمام تعمیری کام اس برس ماہ اگست کے آخر تک مکمل کئے جائیں گے۔ان کاموں میں دو سکینڈری سٹینڈرڈ لیبارٹریاں، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ لیبارٹری، کنٹرولر آفس اور ورکنگ سٹینڈارڈ لیبارٹریوں کی تعمیر شامل ہے۔محکمہ کے ترقیاتی ڈھانچے کی بہتری پر زور دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اس ضمن میں ابھی بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے ملازمین کو ایک بہترین ماحول فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے تا کہ وہ اپنے فرائض بہتر انداز میں ادا کرسکیں۔حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے وزیر نے کہا کہ محکمہ خوراک نے تعمیراتی کاموں کے لئے پہلے ہی8.5 کروڑ روپے واگذار کئے ہیں اور اگر کام میں تیزی لائی گئی تو باقی ماندہ رقم بھی واگذار کی جائے گی۔وزیر نے تعمیراتی کام میں معیار کو برقرار رکھنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ کام کے معیار میں کوئی بھی کاہلی برداشت نہیں کی جائے گی۔ محکمہ نے ڈپٹی کنٹرولر منوج پربھاکر کو تعمیراتی کاموں کے لئے لائیزن افسر مقرر کیا ہے۔ انہیں وزیر کے دفتر کو ضروری رپورٹ بھیجنے کی ہدایت دی گئی ہے۔میٹنگ میں محکمہ کے سیکرٹری شفیق رینہ، منیجنگ ڈائریکٹر جے اینڈ کے ہاؤسنگ بورڈ وپرا بہل، محکمہ کے سپیشل سیکرٹری نثار احمد، جوائنٹ کنٹرولر ایل ایم ڈی بی اے سمبیال اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔