تازہ ترین

بڈنمبل میںہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی2برسوں سے گھپ اندھیرے میں

۔2ہفتوں تک روشن ہوئے بلب پھر ٹھنڈے پڑگئے

1 مئی 2017 (00 : 01 AM)   
(   فائیل فوٹو    )

اشرف چراغ
کپوارہ//یہ بات ناقابل یقین ہے کہ آج کے جدید دور میں بھی ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی بجلی سپلائی سے محروم ہوگی۔کپوارہ ضلع کے سرحدی گائو ں بڈنمل چوکی بل میں ہزاروں صارفین کی خوشیوں پر اُس وقت اوس پڑگئی جب 2سال قبل راجیو گاندھی سکیم کے تحت بجلی سپلائی فراہم کرنے والے 4ٹرانسفارمر ایک کے بعد ایک کرکے خراب ہوگئے اور پورا علاقہ ہنوز گھپ اندھیرے میں ڈوباہوا ہے۔ لوگو ں کا کہنا ہے کہ سرکار نے آبادی کی دیرینہ مانگ پوری کرتے ہوئے گائو ں کو بجلی نظام سے جو ڑ دیا اور راجیو گاندھی سکیم کے تحت چوکی بل سے بڈنمل تک بجلی کے کھمبے کھڑے کئے اور ترسیلی لائینیں بچھا دیں جس کے بعد گائو ں میں 5ہزار آ بادی کیلئے یہا ں پر 25KVکے 4ٹرانسفارمر نصب کئے اورستمبر2015میں سکیم کو مکمل کیا گیا ۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ اکتوبر2105میں جب بڈنمل کو با ضابطہ طور بجلی سپلائی فراہم کی گئی اور یہ گائو ں بجلی سے جگمگایا اور لوگ اپنے گھرو ں سے باہر آگئے اور خوب خوشیاں منائیں ۔خوشی کا یہ عالم تھا کہ لوگ ایک دوسرے کے گھرو ں کو جاکر مبارکبادی دینے لگے لیکن ان کی یہ خوشی زیادہ دیر تک قائم نہ رہی ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ دو ہفتو ں تک معقول بجلی سپلائی رہی جس کے بعد یکے بعد دیگر چارو ں کے چار ٹرانسفار مر جل گئے اور گائو ں پھر گھپ اندھیرے میں ڈوب گیا ۔لوگو ں نے ضلع انتظامیہ سے رجوع کیا اورانہیں یقین دلایا گیاکہ خراب ٹرانسفارمروں کو ورکشاپ میں لاکر مرمت کی جائیگی لیکن دو سال گزر جانے کے باجود بھی خراب بجلی ٹرانسفار مر بڈنمل میں پڑے ہیں اور اب وہ زنگ آلود بھی ہوچکے ہیں ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ ایک سال تک انہو ں نے انتظار کیا کہ آج نہیں تو کل متعلقہ محکمہ خراب ہوئے ٹرانسفارمرو ں کو ٹھیک کرنے کیلئے ورکشاپ پہنچائے جائینگے لیکن دو سال گزر گئے اور لوگو ں کی آنکھیں بھی اب انتظار کیلئے تھک گئیں ہیں لیکن محکمہ کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے ۔عوامی وفد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ چوکی بل سے بڈنمل تک جو بجلی کھمبے نصب کئے گئے ہیں وہ اکھڑ گئے ہیں جبکہ ترسیلی لائنیں بھی بکھری پڑی ہیں ۔وفد نے کہا کہ لوگو ں نے از خود خراب شدہ بجلی ٹرانسفارمروں کو یہا ں کے ایک سرکاری سکول میں جمع کئے اور وہ زنگ آلود ہوچکے ہیں۔لوگو ں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ وہ از سر نو گرے پڑے کھمبو ں اور خراب شدہ ٹرانسفار مرو ں کو ٹھیک کر کے گائو ں کو بجلی کی سپلائی کو یقینی بنائیں۔ اس حوالے سے ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ غلام محمد ڈار نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ انہیں اس حوالے سے بڈنمل کے لوگو ں نے آج تک جا نکاری نہیں دی اور لوگو ں کو فوری طور میرے دفتر سے رابطہ کرنا چایئے تاکہ وہ معاملہ سے متعلق پوری جانکاری حاصل کر سکیں ۔