تازہ ترین

گیلانی نے ’مسئلہ کشمیر‘ پر حکومت ہندوستان سے مذاکرات کی پیشکش ٹھکرادی

16 مارچ 2018 (25 : 06 PM)   
(      )

 سری نگر//حریت کانفرنس (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے ’مسئلہ کشمیر‘ پر حکومت ہندوستان کی طرف سے مذاکرات کی پیشکش کو ٹھکرادیا ہے۔ اس کا انکشاف حریت کانفرنس (گ) کے ایک ترجمان نے کیاہے۔ انہوں نے کہا ’15مارچ رات کے قریب ساڑھے آٹھ بجے بھارت کی انٹیلی جنس ایجنسی (آئی بی ) کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے حریت چیرمین گیلانی کی رہائش گاہ حیدرپورہ سری نگر میں ایک ملاقات کے دوران گیلانی کو مذاکرات میں شمولیت اختیار کرنے کی دعوت دی ۔ حریت چیرمین نے مذکورہ بھارتی انٹیلی جنس کے عہدیدار کو صاف وشفاف زبان میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک تنازعے کی صورت میں اس وقت نہ صرف برصغیر، بلکہ امنِ عالم کے لیے سنگین خطرہ بنا ہوا ہے۔ جب تک بھارت اس کی تاریخی حیثیت اور ہیت کو تسلیم کرتے ہوئے اس مسئلے کو ایڈرس کرنے پر اپنی رضامندی ظاہر نہیں کرتا تب تک مذاکرات ایک لایعنی سعی تصور کی جائے گی‘۔ ترجمان نے تاہم گیلانی کے ساتھ ملاقات کرنے والے آئی بی عہدیدار کا نام ظاہر نہیں کیا ہے۔