تازہ ترین

برزلہ کے نوجوان کی نعش جلد ہی لوٹائی جائے گی

گورنر کی انجینئر رشید کو یقین دہانی

12 جولائی 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈسک
سرینگر//ایم ایل اے لنگیٹ انجینئر عبدالرشید نے کل یہاں سول سیکرٹریٹ میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی۔ایم ایل اے گورنر کو اپنے حلقہ انتخاب اور دیگر ملحقہ علاقوں کو درپیش ترقیاتی مسائل کے بارے میں جانکاری دی۔ انہوں نے اپنے علاقہ کے سڑک رابطوں کو فروغ دینے اور صحت و تعلیمی سہولیات میں مزید بہتری لانے کی استدعا کی۔گورنر نے عبدالرشید کی لوگوں کے تئیں اُن کے جذبات کی سراہنا کی۔ انہوں نے ایم ایل اے پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کے مفاد پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے اُن کی بہبودی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔دریں اثناء عوامی اتحاد پارٹی کے بیان کے مطابق کپوارہ میںجھڑپ کے دوران جاں بحق ہوئے برزلہ کے ایک نوجوان کے جسد خاکی کو انکے لواحقین کو سپرد نہ کئے جانے کو لیکر سرکاری انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کے بعد عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے گورنر این این ووہرا سے ملاقات کرکے انسے ذاتی مداخلت کا مطالبہ کیا۔انجینئر رشید نے کہا کہ گورنر انتظامیہ کو مزید کسی تاخیر کے بغیر سوگوار خاندان کو نعش سونپ دینی چاہیئے تاکہ وہ اسکے آخری رسومات ادا کرکے اسے اپنے آبائی قبرستان میں دفن کرکے مطمعن ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ نعش کی سپردگی میں لیت و لعل کی وجہ سے برزلہ کا ایک خاندان ہی نہیں بلکہ پورا علاقہ ذہنی تکلیف اور پریشانیوں میں مبتلا ہے جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈی این اے کے ملاپ کیلئے نمونے دینے اور دیگر سبھی لوازمات پورا کرنے کے بعد بھی سوگوار خاندان اور انکے متعلقین کو سڑکوں پر آںے کیلئے مجبور کیا جارہا ہے جو انتہائی مذموم ہے۔گورنر نے انجینئر رشید کو غور سے سنا اور برزلہ کے جاں بحق ہوئے نوجوان کی نعش لوٹانے کے فوری اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔