تازہ ترین

حزب جنگجو کی برسی پر پائین شہر میں ہڑتال

13 جولائی 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

بلال فرقانی
 
سرینگر//شہر خاص کے ملارٹہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان سجاد احمد گلکار کی ایک سال قبل رڈ بگ ماگام میں جھڑپ کے دوران ہلاکت کی برسی پر شہر خاص کے بیشتر علاقوں میں  جمعرات کو ہڑتال رہی،جس کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔بڈگام کے رڈ بگ علاقے میں12جولائی2017کو معرکہ آرائی کے دوران حزب المجاہدین سے وابستہ3 جنگجو جان بحق ہوئے جن میں سے ایک کا تعلق پائین شہر کے حساس علاقے ملارٹہ سے تھا۔ مذکورجنگجو کی یاد میں پائین شہر میں تعزیتی ہڑتال رہی۔اگر چہ کسی بھی تنظیم نے ہڑتال کی کال نہیں دی تھی،تاہم ذرائع کے مطابق شہر خاص کے کئی علاقوں میں ایک روز قبل ہی نامعلوم افراد کی طرف سے پوسٹر نصب کئے گئے تھے،جن پر لوگوں کو ہڑتال کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔ پائین شہر کے نوہٹہ،گوجوارہ،راجوری کدل ،بہوری کدل، نقشبند صاحب،جامع مارکیٹ،ملارٹہ اورنواحی علاقوں میں تعزیتی ہڑتال کی گئی ۔ تمام بازاراورکاروباری مراکزبندرہے جبکہ سڑکوں پرگاڑیوں کی آمدورفت بھی معمول سے کم رہی ۔ سجادگلکارکے آبائی گھرمیں دن بھر تعزیتی مجالس کااہتمام ہوتارہا۔ کئی علاقوں میں جزوی طور پر بھی ہڑتال رہی ۔پولیس اور انتظامیہ نے حساس علاقوں میں ممکنہ احتجاجی مظاہروںکے پیش نظر اضافی فورسز اور پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا تھا،جو کہ دن بھر گشت کرتے رہے۔