تازہ ترین

برگشتہ ممبران کیخلاف پی ڈی پی کی انضباطی کاروائی

یاسرریشی پارٹی عہدے سے برطرف، ارشادرسول کواضافی چارج تفویض

13 جولائی 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

 سرینگر// پی ڈی پی نے ناقداورباغی ممبران کیخلاف انضباطی کارروائی شروع کرتے ہوئے ممبرقانون سازکونسل یاسرریشی کوضلع صدربانڈی پورہ کے عہدے سے ہٹادیاہے ۔ اس دوران معلوم ہواکہ پارٹی نے کونسل چیئرمین کوارسال کردہ ایک خطہ میں یہ سفارش بھی کی ہے کہ یاسرریشی کی کونسل رُکنیت ختم کی جائے ۔اُدھرپی ڈی پی نے یاسرریشی کوعہدے سے ہٹانے کیساتھ ہی ضلع صدربارہمولہ ارشادرسول کارکوضلع بانڈی پورہ کی اضافی ذمہ داری بھی سونپ دی ۔معلوم ہواکہ بھاجپاکی جانب سے حمایت واپس لینے کے نتیجے میں مخلوط سرکارگرجانے کے بعدپی ڈی پی کواندرونی سطح پربغاوت کاسامناکرناپڑاکیونکہ کم سے کم 4ممبران اسمبلی اورکونسل کے ایک ممبرنے کھلم کھلاپارٹی قیادت بالخصوص محبوبہ مفتی کیخلاف بیان بازی شروع کرتے ہوئے موصوفہ پرپارٹی میں خاندانی راج کوپروان چڑھانے کاالزام عائدکیا۔ممبران اسمبلی عمران انصاری ،عابدانصاری ،محمدعباس وانی اورعبدالمجیدپڈرکے علاوہ قانون سازکونسل کے ممبریاسرریشی نے کھلے عام محبوبہ مفتی کوہد ف تنقیدبنایا۔معلوم ہواکہ منگل کی شام پی ڈی پی کورگروپ کی اہم میٹنگ میں کچھ ممبران کے باغیانہ اورپارٹی مخالف بیانات نیزسرگرمیوں پرغوروخوض کیاگیا،اوراس دوران یہ فیصلہ لیاگیاکہ عمران انصاری ،عابدانصاری اوریاسرریشی کیخلاف انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔پی ڈی پی ذرائع نے بتایاکہ کورگروپ کی میٹنگ میں ہی یاسرریشی کوپارٹی ضلع صدربانڈی پورہ کے عہدے سے ہٹانے اوراُنکی کونسل رُکنیت کوختم کرانے کیلئے کونسل چیئرمین کوایک خط روانہ کرنے کافیصلہ بھی لیاگیا،ذرائع کے مطابق یہ خط کونسل چیئرمین کوبھیج دیاگیاہے اوراُن سے یہ استدعاکی گئی ہے کہ یاسرریشی کی رُکنیت کوختم کیاجائے ۔اس دوران جمعرات کوپی ڈی پی ترجمان اعلیٰ رفیع احمدمیرنے ایک بیان جاری کرتے ہوئے یہ واضح کردیاکہ پی ڈی پی لیڈرشپ نے یاسرریشی کوضلع صدربانڈی پورہ کے عہدے سے برطرف کردیاہے ۔انہوں نے کہاکہ پارٹی اورپارٹی صدرمحبوبہ مفتی کوسرعام ہدف تنقیدبناکریاسرریشی نے پارٹی نظم وضبط اورڈسپلن کی خلاف ورزی کاارتکاب کیاہے ،اسلئے اُنھیں ضلع صدربانڈی پورہ کے عہدے سے ہٹایاجاتاہے ۔پی ڈی پی ترجمان نے اسکے ساتھ ہی یہ بھی کہاکہ یاسرریشی کوضلع صدرکے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعدضلع صدربارہمولہ ارشادرسول کارکوضلع بانڈی پورہ کی اضافی ذمہ داری سونپی جاتی ہے ۔