تازہ ترین

سعیدہ کدل اور مضافاتی علاقوں میں سڑکوں کی حالت خستہ

ٹریفک کی نقل وحمل متاثر،عوام کا سڑکوں کی مرمت کا مطالبہ

9 جولائی 2018 (29 : 01 AM)   
(      )

سٹی رپورٹر
سرینگر //جھیل ڈل کے گرد ونواح میں آباد بستیوں سے نکلنے کیلئے جہاں جھیل ڈل کے ارگرد کئی علاقوں میں کام جاری ہے وہیں سڑکیں اور گلی کوچوں میں پائپیں بچھانے اور ڈرینیج تعمیر کرنے کے عمل نے لوگوں کا جینا مشکل کردیا ہے کیونکہ پائپوں کی تنصیب اور ڈرینوں کی تعمیر سے لوگوں اور ٹریفک کی نقل حمل میں مشکلات کا سامنا درپیش ہے۔ سعیدہ کدل اور اسکے گردونواح میں آنے والے علاقوں میں جہاں پائپوں کی تنصیب کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری جانب جن علاقوں میں ڈرینیج کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے وہاں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ڈرینیج کی تعمیر کے بعد میگڈیم بچھانے میں تاخیر سے آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ سعیدہ کدل کے رہنے والے طارق احمدنے بتایا کہ سعیدہ کدل سے لیکر کاٹھی دروازہ تک پائپ بچھانے کا کام چند ہفتوں پہلے مکمل ہوچکا ہے مگر سڑک پر میگڈم وقت پر نہ بچھانے کی وجہ سے سڑک سے اٹھنے والے دھول سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ طارق احمد کاکہنا ہے کہ سڑکیں خراب ہونے کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کی نقل و حمل میں خلل پڑتا ہے بلکہ آس پاس رہنے والے لوگ کئی بیماریوں میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ سعیدہ کدل کے ایک اور رہائشی علی محمد کاکہنا ہے کہ علاقہ کی مین سڑک پر جلدی سے کام نہ ہونے کی وجہ سے ہمیشہ سے ہی ٹریفک حادثات کا خطرہ رہتا ہے کیونکہ پائپوں کی تنصیب اور ڈرینیج  کے بعد سڑکوں کو ہموار کرنے کا کوئی بھی انتظام نہیں کیا گیاہے۔ سعیدہ کدل اور اسکے ملحقہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں سے محکمہ یو ای ڈی سے اپیل کی ہے کہ وہ پائپوں کی تنصیب اور ڈرینیج کی تعمیر کے بعد جلد سے جلد میگڈم بچھانے کا کام شروع کرے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا  نہ کرنا پڑے۔