تازہ ترین

نیتی آیوگ ،حکومت جموں و کشمیر اور سی ایس اوزکی یک روزہ کانفرنس

سرکاری سکیموں کی تشکیل اور عمل آوری،ویاس کا سی ایس اوز کو شامل کرنے پر زور

7 اگست 2018 (30 : 11 PM)   
(      )

نیوز ڈیسک
سرینگر//گورنر کے مشیر بی بی ویاس نے کہا ہے کہ سول سوسائٹی آرگنائزیشنز حکومت کی سکیموں کو تشکیل دینے اور موثر طریقے پر عمل آوری میں ایک اہم رول ادا کرسکتی ہیں اور اس طرح سے سماج کے ضرورت مند طبقوں تک سرکاری امداد پہنچانے میں مددملے گی۔مشیر موصوف نیتی آیوگ، ریاستی حکومت اور جموں وکشمیر کی طرف سے سی ایس اوز کے نمائندوں کی ایک روزہ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔مشیر موصوف نے کہا کہ مختلف مرکزی وزارتوں اور ریاستی حکومت کے14 نمائندوں کے لئے آپس میں تبادلہ خیال کرنے کے لئے یہ ایک بہتر پلیٹ فارم ہے جہاں سرکاری سکیموں پر جاری کام پر غور کیا جائے گا۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اس کانفرنس کی بدولت مرکزی و ریاستی حکومتوں کی سکیموں کی بہتر عمل آوری کے لئے ایک شفاف روڈ میپ ترتیب دیا جائے گا۔ بی بی ویاس نے کہا کہ کانفرنس کے ذریعے لوگوں کے مسائل اور خیالات سُننے کا بھی بہتر موقعہ فراہم ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے محکمے ، نیتی آیوگ اور سی ایس اوز کو چاہئے کہ وہ سماج کے پچھڑے لوگوں کے مسائل کو مشترکہ طور حل کرنے میں آپسی تال میل کو یقینی بنائیں۔اس موقعہ پر سماج سے تعلق رکھنے والے پسماندہ طبقوں کی بہبودی کے لئے شرکاء نے اپنی تجاویز پیش کیں۔سپیشل سیکرٹری نیتی آیوگ نے اپنے خطاب میں ریاست کے سماجی سیکٹر کی طرف سے کئے جارہے کام کی سراہنا کی۔انہوں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر نے ملک کے دیگر پہاڑی علاقوں کے مقابلہ میں سماجی شعبۂ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں اس وقت24 اٹل انوویشن لیبارٹریاں کا م کر رہی ہیں۔پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر پون کوتوال، کمشنر سیکرٹری تعمیرات عامہ خورشید احمد شاہ، سیکرٹری سماجی بہبود فاروق احمد لون، سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی شیتل نندہ، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی سوگات بسواس، سیکرٹری سیاحت اور سکول ایجوکیشن ریگزن سیمفل، سیکرٹری سوشل ویلفئیر بورڈ خالد حُسین ملک، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کشمیر ڈاکٹر سلیم الرحمان، پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈاکٹر سامیہ رشید، کمشنر برائے جسمانی طور ناخیز افراد ایم اے لون، مشن ڈائریکٹر آئی سی ڈی ایس ویرجی ہانگلو، مشن ڈائریکٹر وومن امپاورمنٹ رفعت عارف، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر جی این ایتو، ڈائریکٹر تکنیکی تعلیم، ایگزیکٹو ڈائریکٹر رہیبلی ٹیشن کونسل ظہور میر، منیجنگ ڈائیریکٹر جے کے وومنز ڈیولپمنٹ کارپوریشن ناہید سوز، مشن ڈائریکٹر ایس آر ایل ایم، سی ای او حمائت عبدالرشید وار،مشن ڈائریکٹر آئی سی پی ایس شفاعت سلطان اور دیگر شخصیات نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔