تازہ ترین

سوچھ بھارت مشن کی معیاد بند عمل آوری

ویاس نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایات دیں

13 جولائی 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

 سرینگر//گور نر کے مشیر بی بی ویاس نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ فلیگ شِپ سوچھ بھارت پروگرام( ایس بی ایم) کی معیاد بند عمل آوری کو یقینی بنایا جائے تا کہ ان اقدامات سے ریاست کے لوگ مستفید ہوں۔مشیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ایس بی ایم کی موجودہ صورتحال کا جائیزہ لیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ ایس بی ایم کے تحت وجود میں لائے گئے اثاثوں کی ویری فکیشن کے لئے افسران کی ٹیم تشکیل دیں اور اس سلسلے میں کسی بھی کوتاہی کے بارے میں رپورٹ پیش کریں۔مشیر موصوف نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اُن سکولوں کی نشاندہی کریں جہاں ابھی تک بیت الخلاء تعمیر نہیں کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام سکولوں میں بیت الخلاؤں کی تعمیر بالخصوص طالبات کے لئے کم از کم مدت میں کی جانی چاہئے۔ایس بی ایم کے تحت اثاثوں کو وجود میں لانے کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے مشیر نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام اثاثوں کی جیو ٹیگنگ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ اثاثوں کی رکھ رکھاؤ کو یقینی بناتے ہوئے اُن کی کارکردگی کا وقتاً فوقتاً جائیزہ لیا کریں۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنروں نے میٹنگ میں اپنی اپنے علاقوں میں ایس بی ایم پر جاری عمل آوری کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک90 فیصد کام مکمل کیا گیا ہے اور باقی ماندہ کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔مشیر موصوف نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع کے لئے ٹائم لائین مقرر کریں اور تعمیراتی و ترقیاتی کاموں میں سرعت لائیں۔بی بی ویاس نے مختلف محکموںبشمول دیہی ترقی، صحت عامہ اور دیگر متعلقہ محکموں کو آپسی اشتراک کے تحت کام کرنے پر زور دیا اور مختلف سکیموں پر باقاعدہ نگرانی کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے صحت و صفائی پر لوگوں کے لئے بیداری پروگرام چلانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لئے ریڈیو، دور درشن اور دیگر پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا چینلوں کی خدمات حاصل کی جانی چاہئے۔مشیر موصوف نے سالڈ ویسٹ منجمنٹ ویسٹ پروگرام کو ہاتھ میں لینے کے لئے ایک تفصیلی تجویز پیش کرنے کی ہدایت دی اور اسے کامیاب بنانے پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اس کوشش سے ہمارے دیہاتوں میں ماحول صاف رکھنے میں بڑی حد تک مدد ملے گی۔سیکرٹری دیہی ترقی شیتل نندہ، ڈائریکٹر رورل سینی ٹیشن اندو کنول اور دیگر افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔