تازہ ترین

یورپ کو ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر کوئی اعتراض نہیں‘

9 اگست 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

 اسلام آباد// یورپی یونین نے کہا ہے کہ یورپ کو ایران اور پاکستان کے درمیان مشترکہ گیس پائپ لائن منصوبے پر کوئی اعتراض نہیں ہے.یہ بات پاکستان میں تعینات یورپی یونین کے سفیر 'جین فرانکوئس کاؤٹن' نے گزشتہ روز اسلام آباد میں پاکستان کے حالیہ انتخابات کی فاتح جماعت تحریک انصاف کے چیئرمین 'عمران خان' کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی.اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاک،ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر یورپی یونین کو کوئی اعتراض نہیں بلکہ یورپی ممالک پاکستان کیلئے سرمایہ کاری حاصل کرنے میں نومنتخب حکومت کی معاونت کریں گے.یاد رہے کہ پاکستان میں گزشتہ ماہ ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے سرکاری نتائج کے مطابق عمران خان کی جماعت تحریک انصاف حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ چکی ہے.سرکاری رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف دیگر سیاسی جماعتوں پر برتری حاصل کیے ہوئے ہے.انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں عمران خان نے کہا تھا کہ طاقت میں آکر ایران سمیت چین اور افغانستان سے مزید بہتر تعلقات اولین ترجیح ہوگی.انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایران سے تعلقات میں مزید بہتری لائیں گے اس کے علاوہ پڑوسیوں سے بہتر روابط قائم اور لڑائیوں کے خاتمے پر کام کریں گے۔گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمان پارٹی نے اپنے چیئرمین عمران خان کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی قائد اور وزیراعظم پاکستان کے عہدے کے لئے نامزد کردیا۔