تازہ ترین

فاروق شاہ نے پونچھ میں پانی کی سپلائی کا جائزہ لیا

۔ 80ہینڈ پمپوں کی تنصیب اور ٹینکروں سے سپلائی کرنے کی ہدایت

13 جولائی 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

 پونچھ//گورنر این این ووہرا کی ہدایت پر پی ایچ ای، اری گیشن اور فلڈ کنٹرول کے سیکریٹری فاروق احمد شاہ نے پونچھ کا دورہ کرکے عوام کو پینے کے پانی کی فراہمی سمیت اری گیشن اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ سیکریٹری نے متعلقہ چیف انجینئروں اور دیگر متعلقہ افسران کی ہنگامی میٹنگ طلب کرکے اُنہیں ہدایت دی کہ وہ لوگوں کی شکایات کا ازالہ کرنے کے لئے عوامی درباروں کا انعقاد کریں اور تمام علاقوں میں بِلا خلل پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ میٹنگ کے دوران سیکریٹری موصوف نے تمام سکیموں کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ عوام اُن سے بروقت مستفید ہوسکیں۔ میٹنگ کے دوران سیکریٹری کو جانکاری دی گئی کہ پونچھ میںاس وقت تقریباً 31کروڑ روپے کی لاگت سے مرکزی معاونت والی 23واٹر سپلائی سکیموں پرکام جاری ہے جن کے پہلے مرحلے کو دو مہینوں کے اندر اندر مکمل کیا جائے گا۔ ان سکیموں سے 21ہزار نفوس پر مشتمل آبادی کو پینے کا صاف پانی فراہم ہوگا۔ سیکریٹری نے متعلقہ چیف انجینئر کو ہدایت دی کہ وہ پانی کی شدید قلت والے علاقوں میں ستمبر کے آخر تک80 ہینڈ پمپوں کی تنصیب کویقینی بنائیں اور حسب ضرورت ٹینکرس کے ذریعے عوام کو پانی فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں غفلت شعار افسران کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔میٹنگ میں سیکریٹری کو جانکاری دی گئی کہ راجوری ضلع میں اس سال دسمبر مہینے تک مرکزی معاونت والی9واٹر سپلائی سکیموں کو 10کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا جن سے 38ہزار نفوس پر مشتمل آبادی کو پینے کا پانی فراہم ہوگا۔فاروق احمد شاہ نے میٹنگ میں فلڈ کنٹرول اور اری گیشن سے متعلق کئے جارہے اقدامات کا بھی جائزہ لیا اس دوران سیکریٹری کو جانکاری دی گئی کہ پونچھ ، راجوری اورنوشہرہ میں اری گیشن سے متعلق 35سکیموں کو42کروڑ روپے کی لاگت سے در دست لیا گیا ہے جن میں سے 12کو مکمل کیا گیا ہے اور18 کو اس سال دسمبر مہینے تک مکمل کیا جائے گا۔ان سکیموں کی بدولت 3200ہیکٹرعراضی کو سینچائی کی سہولیت فراہم ہوگی۔اس سے قبل فاروق احمد شاہ نے پلوامہ اور شوپیاں کے ضلع ترقیاتی کمشنروں کے ہمراہ رمبی نالہ پر پنجرن، اژھن اور گلرہامہ کے مقامات پر جاری فلڈ پروٹیکشن ورکس کے اچانک معائنے کے دوران متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ کام کی رفتار میں سرعت لائیں اور پروجیکٹوں کی تکمیل وقت مقررہ پر یقینی بنائیں تاکہ عوام کو مستقبل میں سیلابی صورتحال کی مشکلات سے چھُٹکارہ مل سکے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ میں عوام کو محکمے کی طرف سے دی جارہی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے فیلڈ عملے پر زور دیا کہ وہ عوام کو پینے کے پانی سمیت اری گیشن اور دیگر سہولیات بہم پہنچانے میں تن دہی سے کام کریں۔