تازہ ترین

عمران خان کے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم معطل

9 اگست 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

 اسلام آباد//سپریم کورٹ نے لاہورکے حلقہ این اے 131 میں ووٹوں کی گنتی سے متعلق لاہورہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا۔اطلاعات کے مطابق لاہورہائی کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 پرخواجہ سعد رفیق کی درخواست پر ووٹوں کی گنتی کا حکم دیا تھا تاہم حلقے میں غیرسرکاری طورپرکامیاب قرار دیئے گئے عمران خان نے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بنچ نے عمران خان کی درخواست کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے استفسارکیا کہ حلقے کا نتیجہ آچکا ہے، اس صورت میں حلقے کی نمائندگی کیسے روک سکتے ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن کے معاملات میں ہائی کورٹ کیسے مداخلت کرسکتی ہے۔سعد رفیق کے وکیل نے عدالت کے روبروموقف اختیار کیا کہ عمران خان نے نشست برقرار رکھی تو ٹربیونل سے رجوع کریں گے، جیت کا مارجن 5 فیصد سیکم ہو تو دوبارہ گنتی ہوسکتی ہے، ریٹرننگ افسر کو دوبارہ ووٹوں کی گنتی کرنے کا اختیارہے۔ عمران خان نے بھی تمام حلقے کھولنے کا کہا تھا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ سیاسی تقریر ہے اور اس کا سیاسی طور پر جائزہ لیں گے۔ سپریم کورٹ نے عمران خان کی درخواست باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا۔واضح رہے کہ این اے 131 میں عمران خان نے خواجہ سعد رفیق کو انتہائی کم مارجن سے شکست دی تھی۔ لاہور ہائی کورٹ نے سعد رفیق کی درخواست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا اور تاحکم ثانی حلقے سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کرنے سے روک دیا تھا۔
 
 
 

الیکشن کمیشن نے آج طلب کرلیا

اسلام آباد//الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹ کی رازداری کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو آج طلب کرلیا۔اطلاعات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو حالیہ عام انتخابات میں ووٹنگ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر ؎آج طلب کرلیا، الیکشن کمیشن نے عمران خان کو بذات خود یا بذریعہ وکیل پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔اس سے قبل عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل بابراعوان پیش ہوئے تاہم الیکشن کمیشن نے عمران خان سے ووٹ کی رازداری نہ رکھنے پر تحریری جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 16 اگست تک ملتوی کردی تھی۔