تازہ ترین

تیسری ایس اے سی میٹنگ منعقد

بلدیاتی چنائو کرانے کی ہدایت، کئی معاملات کو منظوری

12 جولائی 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
 سرینگر// گورنر این این ووہرا کی صدارت میں ریاستی انتظامی کونسل کی تیسری میٹنگ منعقد ہوئی۔گورنر کے مشیر بی بی ویاس،کے وجے کمار اور خورشید احمد گنائی کے علاوہ چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم بھی میٹنگ میں موجود تھے۔ریاستی انتظامی کونسل نے اس کے سامنے انتظامی محکموں کی طرف سے غور کرنے اور منظوری کے لئے پیش کئے گئے مختلف منصوبوں پرتبادلہ خیال کیا۔
 شہری بلدیاتی اداروں کے انتخابات کی ہدایت 
ریاستی انتظامی کونسل نے ریاست میں شہری بلدیاتی اداروں کے انتخابات منعقد کرانے کا عمل شروع کیا ہے۔ایس اے سی نے مکانات و شہری ترقی محکمہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ میونسپل اداروں( میونسپل کارپوریشنوں/ میونسپل کونسلوں/ میونسپل کمیٹیوں) کے انتخابات منعقد کرانے کا عمل چیف الیکٹورل افسر جموں وکشمیر کی مشاورت کے بعد شروع کرے۔

 چھوٹے و درمیانہ درجے کے کارخانے  مستثنیٰ 

ریاستی انتظامی کونسل نے ریاست میں کارخانہ داروں کو عمومی طور پر اور نوجوانوں کو بالخصوص فوائد پہنچانے کے ایک اہم فیصلے کے طور پر جموں وکشمیر میں درج تمام انتہائی چھوٹے اورچھوٹے کارخانہ داروں کے ساتھ ساتھ سٹارٹ اپس کے لئے ٹرن اؤر اور تجربے سے مستثنیٰ رکھنے کو منظوری دی ہے ۔ سرکاری محکموں اوراداروں کی طرف سے20 فیصد خریداری کو ترجیحی دینا بھی شامل ہے۔
جیل نظام میں بہتری کیلئے قانون منظور
ریاستی انتظامی کونسل نے جموں اینڈ کشمیر پبلک سیفٹی( ترمیمی) بِل2018 کو منظوری دی جس کے ذریعے سے بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کے ساتھ ساتھ قیدیوں کے معیار حیات میں بہتری لانا بھی شامل ہے۔اس ضمن میں مفاد عامہ کی اُس عرضداشت کا ذکر کیا گیا جو عدالت عظمیٰ میںالتواء میں پڑی ہے اور جس میں1382 جیلوں کی ناگفتہ بہ حالت اور جیلوں کے لئے مختلف اصلاحاتی اقدامات کا ذکر کیا گیا ہے۔

زینہ پورہ کیلئے میڈیکل بلاک منظور

ریاستی انتظامی کونسل نے ضلع شوپیاں میں میڈیکل بلاک کے قیام کو منظوری دی جس میں بلاک کے لئے مختلف زمروں کی سات اسامیاں معرض وجود میں لانا بھی شامل ہے۔ ان اسامیوں میں بی ایم او کی ایک اسامی، ہیلتھ ایجوکیٹر، اکاؤنٹس اسسٹنٹ، سنیئر اسسٹنٹ، بیسک ہیلتھ ورکر کی دو اسامیاں اور ڈرائیور کی ایک اسامی شامل ہے۔زینہ پورہ میں بی ایم او دفتر کے قیام سے علاقہ میں طبی سہولیات کی دستیابی اور ان کی باقاعدہ نگرانی بھی ممکن ہوسکے گی۔

ڈی ایل ایس ایز کیلئے اسامیوں کا قیام

ریاستی انتظامی کونسل نے ریاست کی 22 ضلع لیگل سروسز اتھارٹیوں کے لئے فُل ٹائم سیکرٹریوں( سب جج) کی22اسامیاں اور سٹینو ٹائپسٹ۔1 کی 22 اسامیاں وجود میں لانے کو منظوری دی ہے۔

نان گزٹیڈ اسامیوں کی بھرتی

ریاستی انتظامی کونسل نے نان گزٹیڈ اسامیوں کو براہ راست بھرتی کوٹہ کے تحت جموں وکشمیر سروسز سلیکشن بورڈ اور دیگر بھرتی ایجنسیوں کو ریفر کرنے سے پہلے محکمہ خزانہ سے کلئیرینس حاصل کرنے کو منظوری دی ہے۔اس اقدام سے مختلف محکموں میں افرادی قوت کی ضروریات کو موثر انداز سے پورا کرنے میں مددملے گی ۔

فلیگ شپ سکیم کو منظوری

 انتظامی کونسل میٹنگ میں ریاست میں آیوشمان بھارت پردھان منتری راشٹریہ سوستھیا سرکھشا مشن ( پی ایم آر ایس ا یس ایم ) کو عملانے کو منظوری دی گئی۔اس فلیگ شپ سکیم کا مقصد 1350 مختلف بیماریوں میں علاج کے لئے پانچ لاکھ روپے فی کنبہ تک کا ہیلتھ کوریج فراہم کرنا ہے ۔اس میں رقم کا لین دین نہیں ہوگا تاہم مستحقین کو سمارٹ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے یہ معاونت فراہم کی جائے گی۔یہ طبی سکیم پبلک اور پرائیویٹ طبی اداروں کے ذریعے عملائی جائے گی۔ ریاست جموں وکشمیر میں 613648 کنبوں کے 36لاکھ افراد اس سکیم سے مستفید ہوں گے ۔