تازہ ترین

شام ہوتے ہی شہر میں مسافر گاڑیاں غائب

لوگوں کا محکمہ ٹرانسپورٹ سے سنگین مسلے کی طرف توجہ دینے کا مطالبہ

12 جولائی 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
سرینگر//محکمہ ٹرانسپورٹ کے ہدایات کے باوجود شہر سرینگر اور شہر سے دوسرے علاقوں کی طرف جانی والی مسافر گاڑیاں شام ہوتے ہی غائب ہوجاتی ہیں جس کے باعث لوگوں کو اپنے منزل مقصود تک پہنچنے میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔عام لوگوں نے اس بات پر زبر دست حیرانی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹر اپنی من مانیوں سے محکمہ ٹرانسپورٹ کے ہدایات کی دھجیاں اڑا رہے ہیں ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ ان احکامات کی عملی صورت سرے سے نظر نہیں آرہی ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے احکامات سراب ثابت ہوہے ہیں اور ایسے احکامات صرف اعلانات تک محدود ہیں ۔لوگوں کی شکایت ہے کہ شام ہوتے ہی ان کو اپنے علاقوں تک جانے کیلئے ٹرانسپورٹ سروس کی زبردست قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس کی وجہ سے اپنے گھروں تک پہنچنے کے لئے لوگوں کو شدید دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔ شام ہوتے ہی شہر سرینگر کے اکثر بس اسٹاپوں پر لوگوں کی بھاری بھیڑ کافی دیر تک اپنے اپنے منزل مقصود تک جانے کے لئے مسافر گاڑیوں کے انتظار میں رہتی ہیں لیکن جب گاڑیاں نہیں آتی ہیں تو لوگ مجبور ہوکر سومو اور آٹو میں سوار ہو جانے کے لئے مجبور ہوجاتے ہیں اور اس کے لئے انہیںاضافی کرایہ ادا کرنا پڑتا ہے۔ شہر کے بس سٹاپوں سے وادی کے دوسرے علاقوں کی جانب جانے والی گاڑیوںکی سروس بھی شام کوہی بند کردی جاتی ہے جس کی وجہ سے دور دراز علاقوں کی طرف جانے والے مسافروں کو اپنے علاقوں کی طرف جانے کی انتہائی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور ایسے مسافرمجبوراً سومو گاڑیوں کو منہ مانگی کرایہ ادا کرکے اپنے گھروں کے پہنچ جاتے ہیں۔صورہ سے گاندربل مختلف علاقوں کو چلنے والا کمرشل ٹرانسپورٹ سرشام ہی معطل ہوجانے سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔صورہ سے گاندربل کے کئی علاقوں جن میں کنگن،شالہ بگ،صفاپورہ،سمبل،بٹہ وینہ،واکورہ اور تولہ مولہ شامل ہیںکیلئے پبلک ٹرانسپورٹ سرشام ہی غائب ہوجاتا ہے جس کی وجہ شہر کے مختلف علاقوںسے واپس گھر لوٹنے والے مسافروں کو شدید مشکلات درپیش آتی ہیں کیونکہ شام کے بعدمیٹادار اور نہ ہی سومو گاڑی میسر ہوتی ہے اور گھر پہنچنے کے لئے ذاتی گاڑی مالکان کی منت سماجت کے ساتھ ساتھ کئی کلومیٹر پیدل مسافت طے کرنی پڑتی ہے۔ لوگوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین مسلے کی طرف فوری توجہ دے تاکہ لوگوں کو اس بارے میں پیش آرہی مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔