تازہ ترین

عمران خان سمیت 6 سیاستدانوں کو نشانہ بنائے جانے کا خدشہ

11 جولائی 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
اسلام آباد// نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کی جانب سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں 6 سیاسی رہنماؤں کے نام پیش کردئے گئے جنہیں ممکنہ طور پر انتخابی مہم کے دوران نشانہ بنائے جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ان 6 افراد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما اسفند یار ولی اور امیر حیدر ہوتی، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ، جمیعت علمائے اسلام (ف) کے اکرم خان درانی اور جماعت الدعوۃکے سربراہ حافظ سعید کے صاحبزادے اور الیکشن کے اْمیدوار طلحہ سعید کے نام شامل ہیں۔نیکٹا کے ڈائریکٹر عبید فاروق کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنماؤں کو بھی خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ نیکٹا کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ سمیت صوبوں کے محکمہ داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو 12 خطرات کے الرٹ جاری کیے جاچکے ہیں۔